پسماندہ طبقات کو آبادی کے اعتبار سے تحفظات کا مطالبہ: وی ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے ملک میں ذات پات کی مردم شماری کا مطالبہ کیا تاکہ پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلایا جاسکے اور وہ حکومت کی اسکیمات بالخصوص تحفظات سے مستفید ہوسکیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ او بی سی طبقہ کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر عوام نریندر مودی سے پُرامید تھے لیکن گذشتہ 8 برسوں میں انہوں نے او بی سی طبقات کیلئے کچھ نہیں کیا۔ منڈل کمیشن نے جو سفارشات پیش کی تھی انہیں فراموش کردیا گیا۔ او بی سی طبقہ کیلئے علحدہ وزارت کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 50 فیصد سے زائد تحفظات کا او بی سی طبقات نے خیرمقدم کیا ہے لیکن اضافی تحفظات سے پسماندہ طبقات محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی) کی حقیقی آبادی کا علم نہ ہونے کے سبب تعلیم اور روزگار میں تحفظات سے محروم ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی خود کو او بی سی قرار دیتے ہیں لیکن انہیں ان طبقات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ہنمنت راؤ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پسماندہ طبقات کو پروموشن میں تحفظات فراہم کئے جائیں اور کِریمی لیئر کو ختم کیا جائے۔ بی سی طبقات کو آبادی کے اعتبار سے تحفظات ملنے چاہیئے۔ر