پشپا 2 میں سائی پلاوی بھی نظر آئیں گی

   

حیدرآباد ۔ ساؤتھ سوپر اسٹار الو ارجن کی فلم پشپا 2 کے حوالے سے مسلسل اپ ڈیٹس سامنے آرہی ہیں۔ اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فلم میں سائی پلاوی نظر آئیں گی لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ جب الو ارجن کی پشپا ریلیز ہوئی تو اس کے ڈائیلاگ دنیا بھر کے لوگوں کے لبوں پر تھے۔ فلم کو شائقین کی جانب سے بے پناہ پیار ملا اور اب شائقین کو صرف فلم کے دوسرے حصے کی ریلیز کا انتظار ہے۔ کمائی کے معاملے میں بھی فلم نے اچھا بزنس کیا۔ اس کے دوسرے حصے پر کام جاری ہے جس کا عنوان پشپا دی رول رکھا گیا ہے۔ فلم کے حوالے سے تازہ ترین خبر سامنے آئی ہے۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو ساؤتھ کی خوبصورت اداکارہ سائی پلاوی فلم میں جلوہ گر ہونے والی ہیں۔ انہیں اس فلم میں ایک خاص کردار کے لیے رکھا گیا ہے۔ پشپا فلم نے الو ارجن کے مداحوں میں اضافہ کیا۔ تب سے لوگوں نے اداکار کے انداز کو بہت فالو کیا۔ اس کے گانے سوپر ہٹ ہوئے اور دنیا الو ارجن کے ڈانس اسٹیپس پر رقص کرتی نظر آئی۔اس فلم میں رشمیکا مندنا کے ساتھ ان کی جوڑی بھی زبردست تھی۔ اب رادھیکا اس کے دوسرے حصے میں رہیں گی لیکن الوکے مقابل سائی پلاوی بھی نظر آئیں گی۔