پلوامہ حملے کے سرپرست مستوجب سزا: پوٹن

,

   

ماسکو، 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اس حملے کے سرپرستوں اور قصورواروں کو سخت سزا ملنی چاہئے ۔مسٹر پوٹن نے صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ارسال کردہ اپنے پیغام میں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ‘‘ہم اس سنگین جرم کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ روس دکھ کی اس گھڑی میں ہندوستان کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ‘‘ہم دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں’’۔اس دوران اسرائیل نے بھی پلوامہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے ۔ ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر رون مالکا نے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ ‘‘دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے ہندوستانی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوانوں کے اہل خانہ، ہندوستان کے عوام اور حکومت ہند کے تئیں ہماری دلی ہمدردیاں ہیں۔ہندوستان نے جموں کشمیر کے پلوامہ میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرگرم دہشت گرد گروپ جیش محمد (جے اے ایم) نے اس حملے کو انجام دیا ہے ۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ اور دیگرممالک سے پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں پر پابندی لگانے کا اپیل کی۔