چیف سکریٹری شانتی کماری کا جائزہ اجلاس، 1.11 کروڑ افراد کو جاب کارڈز
حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے محکمہ پنچایت راج اور دیہی ترقی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پلے پرگتی، نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم، پرائم منسٹر گرام سیوا یوجنا اور دیگر اسکیمات کا جائزہ لیا۔ پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ نے محکمہ کی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کرایا اور گذشتہ مالیاتی سال میں نشانہ کی تکمیل کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پلے پرگتی پروگرام کے ذریعہ دیہی علاقوں میں عوام کے معیار زندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ گرام پنچایتوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ مواضعات کی سطح پر صحت و صفائی کے نتیجہ میں ڈینگو اور دیگر امراض کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں گرینری میں اضافہ ہوا ہے۔ تمام گرام پنچایتوں کو ٹریکٹرس، ٹرالی، ڈمپنگ یارڈ، نرسریز اور شمشان گھاٹ جیسی سہولتوں سے آراستہ کیا گیا۔ قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے تحت 1.11 کروڑ افراد میں 52.78 لاکھ جاب کارڈز جاری کئے گئے۔ سڑکوں کی تعمیر کام کام مرکزی اسکیم کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔ سوچھ بھارت مشن کے تحت 11.42 لاکھ انفرادی ٹائیلٹس تعمیر کئے گئے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تلنگانہ میں گرام پنچایتوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے پلے پرگتی پروگرام پر موثر عمل آوری کا مشورہ دیا۔ ڈائرکٹر پنچایت راج ہنمنت راؤ، انجینئر انچیف سنجیو راؤ، اسپیشل کمشنر آر ڈی پرساد اور دوسروں نے شرکت کی۔ر