پنت مستقبل کے اسٹار کھلاڑی : گنگولی

   

کولکاتہ۔10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سابق ہندستانی کپتان سورو گنگولی نے ہندوستان کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹسٹ سیریزکامیابی کی تعریف کی اورنوجوان وکٹ کیپررشبھ پنت کے مستقبل میں بہترین کارکردگی کی توقع کا اظہار کیا ہے۔ پنت نے اگست میں انگلینڈ دورے پر اپنے کرئیر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے نو میچوں میں دو سنچریاں بنا چکے ہیں۔ پنت آسٹریلیا میں چار ٹسٹ میچوں کی سیریزمیں بھی چتیشور پجارا (521 رنز) کے بعد 350 رنزبنا کر دوسرے بہترین اسکورر رہے۔ سڈنی میں انہوں نے ڈرا ہوئے آخری میچ میں ناٹ آؤٹ 159 رنز بنائے تھے۔ پنت نے بیٹنگ سے ہی متاثر نہیں کیا بلکہ اس سیریز میں وکٹ کے پیچھے اپنی شاندرا کیپنگ سے بھی ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور20 کیچ لپک کرکے کسی ٹسٹ سیریز میں سب سے زیادہ کیچ لینے کا ریکارڈ توڑ دیا۔گنگولی نے پنت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پنت زبردست کھلاڑی بنیں گے۔ انہوں نے موجودہ سیریز میں حیرت انگیز مظاہرہ کیا اور مستقبل میں بھی وہ چمپئین ہوںگے۔ ہندستانی ٹیم کی آسٹریلیائی سرزمین پر پہلی ٹسٹ سیریز کامیابی میں پنت کا کردار بھی اہم رہا۔ سابق کپتان گنگولی نے کہاکہ یہ شاندار کامیابی رہی۔ چتیشور پجارا اور جسپریت بمراہ نے غیر معمولی کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے میچ میں 400 سے 600 تک رنز بنائے جو اہم رہا۔ بمراہ اور پجارا نے تو کمال کر دیا۔ ہندستان اور آسٹریلیا اب تین میچوں کی ونڈے سیریز میں کھیلے گی جس کا پہلا میچ 12 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔