پنجاب حکومت کا 1200 میگاواٹ سولر پاور کیلئے معاہدہ

   

چنڈی گڑھ: پنجاب کی مستقبل میں بجلی کی فراہمی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ، پنجاب حکومت نے بھاکڑا بیاس مینجمنٹ بورڈ کے زیر کنٹرول قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ایک سرکردہ کمپنی ستلج جل ودیوت نگم (ایس جے وی این) کے ساتھ 1200 میگا واٹ سپلائی کے لئے پاور پرچیز ایگریمنٹ ( پی پی اے ) پر دستخظ کئے ہیں۔وزیر اعلی بھگونت مان نے جمعرات کو کہا کہ پنجاب اسٹیٹ پاور کارپوریشن لمیٹڈ ( پی ایس پی سی ایل) نے ریاست اور ملک بھر میں واقع شمسی توانائی کے پروجیکٹوں سے بجلی کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستلج جل ودیوت نگم گرین انرجی لمیٹڈ نے بیکانیر (راجستھان) اور بھج (گجرات) سے 1000 میگاواٹ بجلی 2.53 روپے فی یونٹ اور ہوشیار پور (پنجاب) سے 2.75 روپے فی یونٹ کے حساب سے 200 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار مسابقتی بولی کے لیے سوئس چیلنج طریقہ (ایس سی ایم) نافذ کیا گیا۔