پنڈت نہرو اور نظام دکن پر بی جے پی صدر کی تنقید کی مذمت

   

حیدرآباد 19 اگسٹ (راست) سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی نے کارگذار صدر بی جے پی، جے پی نڈا کی جانب سے پنڈت جواہر لال نہرو اور نظام دکن نواب میر عثمان علی خاں پر تنقید کی شدید مذمت کی اور کہاکہ صدر بی جے پی ہندوستان اور حیدرآباد کی تاریخ سے نابلد ہیں۔ سید یوسف ہاشمی نے اپنے صحافتی بیان میں کہاکہ مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو اور مولانا ابوالکلام آزاد کی جدوجہد اور قربانیوں کی وجہ سے ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے آزادی ملی۔ جبکہ آر ایس ایس قائدین انگریزوں کی غلامی میں مصروف رہے۔ جنگ آزادی میں ان قائدین کا کوئی رول نہیں ہے۔ اور نہ ہی آزادی کے بعد ملک کی ہمہ جہتی ترقی میں آر ایس ایس اور بی جے پی نے کوئی کارنامہ انجام دیا۔ یوسف ہاشمی نے کہاکہ نظام دکن نواب میر عثمان علی خاں ہندو مسلم عوام کو اپنی دو آنکھ سمجھتے تھے۔ پنڈت نہرو اور سردار پٹیل نے حیدرآباد کو انڈین یونین یں ضم کرنے کے بعد بھی نواب میر عثمان علی خاں کو ریاست حیدرآباد کا راج پرمکھ کا عہدہ عطا کیا تھا۔ نواب میر عثمان علی خاں کا ہی عظیم کارنامہ ہے کہ اُنھوں نے ہندوستان اور پاکستان کی جنگ کے موقع پر وزیراعظم لال بہادر شاستری کو کئی ٹن سونا ملک کے دفاع کو مضبوط کرنے کے لئے دیا تھا۔