پوتن۔ پزشکیان ملاقات، جامع حکمت شراکت داری کا اعلان

   

قازان ( روس ) : روس کے صدر ولادیمیرپوتن اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان ، جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان جامع حکمت عملی شراکت داری معاہدے پر دستخط کریں گے۔روس صدارتی محل ‘کریملن’ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پوتن اور پزشکیان نے، روسی وفاق کی ریاست تاتارستان کے دارالحکومت قازان میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس کے دوران، ملاقات کی ہے۔ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران پوتن نے روس اور ایران کے باہمی تعلقات کا ذکر کیا اورکہا ہے کہ ہمارے دوستانہ و تعمیری تعلقات بتدریج فروغ پا رہے ہیں۔ تجارت اور معاشی شعبے میں روس۔ایران تعاون کے مثبت ترقی رجحان کو برقرار رکھنا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔پوتن نے دو طرفہ تعلقات میں “شمال۔جنوببین الاقوامی رسل و رسائل راہداری منصوبے اور بوشہر جوہری پاور پلانٹ کے دوسرے اور تیسرے پاور یونٹوں کی تعمیر کو ترجیحی امور قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایران برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن ہے اور یہ رکنیت بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ 2023 میں ایران اور یوریشیائی اقتصادی یونین کے درمیان طے شدہ آزاد تجارت معاہدے نے بھی معاشی شعبے میں پیش رفت دِکھائی ہے۔پوتن نے کہاہے کہ ہم جلد ہی روس اور ایران کے درمیان جامع حکمت عملی شراکت داری معاہدے پر دستخط کریں گے۔ اس معاہدے اور دیگر اہم دستاویزات پر دستخط کرنے کے لیے، ہماری دورہ روس کی دعوت قبول کرنے پر بھی ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔