پولیس اور ایران نواز مظاہرین میں تصادم، درجنوں زخمی

   

بغداد ۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعہ کے روز مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئی جھڑپوں کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ وزارت صحت نے کم از کم 125 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ تصادم میں دو افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔ صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔ مظاہرین اکتوبر میں ہوئے پارلیمانی انتخابات کے نتائج سے ناراض ہیں۔ اس الیکشن میں ایران نواز گروپوں کو عراقی پارلیمان میں اپنی سیٹیں گنوانی پڑی ہیں۔ شیعہ مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کی جماعت کو سب سے زیادہ نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ گوکہ وہ ایران کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن ملک میں غیر ملکی مداخلت کے مخالف ہیں۔