پولیس تقررات میں شفافیت اور سخت چوکسی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

   

بعض پارٹیوں سے رکاوٹ کی اطلاعات، امتحانی عمل سے تقررات تک انٹلیجنس اور سائبر سیکوریٹی کو متحرک ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔5 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں محکمہ پولیس کے تقررات میں شفافیت کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں محکمہ پولیس کی 7437 جائیدادوں پر تقررات کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تقررات کو مکمل شفافیت، دیانتداری اور سخت نگرانی کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تقررات کے عمل میں کسی بھی بے قاعدگی یا مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انٹلیجنس اداروں کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض سیاسی پارٹیاں اور مفاد پرستانہ عناصر پولیس تقررات کے عمل میں رکاوٹ کی کوشش کر رہے ہیں۔ انٹلیجنس کی اطلاعات کے بعد چیف منسٹر نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ امتحانی پرچہ جات کی تیاری ، طباعت ، محفوظ منتقلی اور امتحانی عمل کے تمام مراحل کو مکمل احتیاط اور رازداری کے ساتھ انجام دیا جائے۔ انہوں نے امتحانی مراکز کی سیکوریٹی سخت کرنے اور کوچنگ سنٹرس پر خصوصی نگرانی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولیس تقررات کے امتحانات سے متعلق سوشیل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر افواہوں ، گمراہ کن مہم اور غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے امیدواروں کو ملازمت کے نام پر دھوکہ دینے والے درمیانی افراد ، جعلی ویب سائیٹس اور فرضی سوشیل میڈیا اکاؤنٹس پر سائبر کرائم ونگ کے ذریعہ خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے سائبر سیکوریٹی اور انٹلیجنس محکمہ جات کو امتحان کی تکمیل تک مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری وی شیشادری ، ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند ، پرنسپل سکریٹری ہوم شیکھا گوئل ، صدرنشین پولیس رکروٹمنٹ بورڈ وی وی سرینواس راؤ ، کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k