پولیس پر بندوق تاننے والا شاہ رخ گرفتار

,

   

یو پی کے شاملی سے دہلی لایا گیا ۔ پوچھ تاچھ جاری

نئی دہلی3مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی دہلی میں فسادات کے دوران پولیس اہلکار پر گولی چلانے والے 23 سالہ محمد شاہ رخ پٹھان کو آج دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اترپردیش کے شہر شاملی سے گرفتار کر لیا۔دہلی فسادات کے فورا بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں شاہ رخ پولیس اہلکار دیپک دہیا پر پستول تانے ہوئے دکھائی دے رہا تھا ۔شمال مشرقی دہلی تشدد کے دوران 24 فروری کو جعفرآباد علاقے میں ایک شخص نے 8 راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔اس شخص نے فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار پر پستول بھی تان دیا تھا۔فائرنگ کرتے ہوئے یہ شخص پھر بھیڑ میں غائب ہو گیا تھا۔اس شخص کی شناخت شاہ رخ پٹھان کے طور پر ہوئی تھی۔اترپردیش کے شاملی علاقہ سے گرفتاری کے بعد شاہ رُخ کو دہلی لایا گیا جہاں اُس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ شاہ رُخ نے بتایا کہ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے وہ برہم ہوگیا تھا اور فائرنگ کرنا اُس کا فطری ردعمل تھا۔ واضح رہے کہ دہلی فسادات سے متعلق یہ سب سے اہم گرفتاری ہے۔اس سے پہلے جگت پوری سے کانگریس کی سابق کونسلر عشرت جہاں کو دہلی میں فساد بھڑکانے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔دہلی پولیس کئی دنوں سے شاہ رخ کی تلاش کر رہی تھی۔بتایا جا رہا تھا کہ وہ دہلی کے تھانہ عثمان پور کا رہنے والا ہے ، لیکن واقعہ کے بعد سے ہی وہ اپنے خاندان کے ساتھ فرار ہو گیا تھا۔دہلی پولیس کی کرائم برانچ ٹیم اسے تلاش کررہی تھی۔ شاہ رخ کو یو پی کے شاملی سے دہلی لایا گیا جہاں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔