پولیس کی تلاشی مہم، چار کروڑ سے زائد رقم ضبط

   

مختلف مقامات پر پولیس کی کارروائی، انجنی کمار حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /7 اپریل (سیاست نیوز) /11 اپریل کو ریاست تلنگانہ میں پہلے مرحلے کے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر پولیس نے دونوں شہروں میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے اور مختلف مقامات سے 4 کروڑ 92 لاکھ روپئے کی رقم ضبط کرلی ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ ضبط شدہ رقم انتخابات کے دوران رائے دہندوں میں تقسیم کی جانے والی تھی ۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لا اینڈ آرڈر پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے شہر کے چار مختلف مقامات پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران بھاری نقد رقم ضبط کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے واقعہ میں ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے سوماجی گوڑہ علاقہ میں دو افراد ایم ساتیوک ریڈی اور اس کے ساتھی سورو گوئل کو حراست میں لے لیا اور ان کی گاڑی کی تلاشی کے دوران 26 لاکھ روپئے ضبط کرلئے ۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ملک پیٹ کے علاقے موسیٰ رام باغ میں ٹی کاشی ناتھ ریڈی اور بی روی کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 34 لاکھ 30 ہزار نقد رقم ضبط کرلئے ۔ انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ رقم حلقہ پارلیمنٹ ملکاجگری کے بوتھ سطح کی کمیٹی کے ارکان میں تقسیم کی جانے والی تھی ۔