ریونت ریڈی کی قیادت میں ہزاروں کارکنوںکی شرکت، ٹرانسکو عہدیداروں سے ملاقات، قائدین کو گھروں پر محروس رکھا گیا
حیدرآباد7 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس نے پولیس کی رکاوٹوںکے باوجود برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف ریالی منظم کرتے ہوئے ودیوت سودھا دفتر کا گھیراؤ کیا۔ کانگریس نے مرکز اور ریاستی حکومتوںکی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آج نکلس روڈ پر بڑے پیمانہ پر مظاہرہ کرنے اور برقی کے دفتر ودیوت سودھا کے گھیراؤ کا منصوبہ بنایا تھا۔ پولیس نے احتجاج کو ناکام بنانے صبح سے کانگریس قائدین کو ان کی قیامگاہوں پر محروس رکھا اور باہر نکلنے اجازت نہیں دی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، ڈاکٹر ملو روی ، مدھو یاشکی اور دیگر سینئر قائدین کی قیامگاہوں کے باہر پولیس دستے تعینات کردیئے گئے ۔ عہدیداروں نے پارٹی قائدین کو مکانات سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ صدر پردیش ریونت ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط کرکے کہا کہ ایک طرف ٹی آر ایس کو بلا اجازت قومی شاہراہوں پر دھرنے کی اجازت ہے لیکن کانگریس کو احتجاج سے روکنا غیر جمہوری ہے۔ پولیس نے ابتداء میں قائدین کو مکانات سے نکلنے کی اجازت نہیں دی اور نکلس روڈ پر جمع ہونے والے کارکنوں کو منتشر کردیا۔ ریونت ریڈی نے سینئر قائدین کے ساتھ پولیس کے حصار کو توڑ کر باقاعدہ پد یاترا شروع کی اور نکلس روڈ پر واقع اندرا گاندھی مجسمہ کے پاس پہنچے جہاں پہلے سے ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکن پہنچ چکے تھے۔ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے پولیس بیریکیٹس کو پھلانگ کر ریالی کی شکل میں ودیوت سودھا دفتر پہنچے ۔ اس موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی کیونکہ پولیس نے احتجاجیوں کو روکنے کی کوشش کی ۔ کانگریس کارکن حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے۔ پولیس نے ریونت ریڈی ، بھٹی وکرمارکا اور بعض دیگر قائدین کو ودیوت سدھا میں اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی اجازت دی۔ مینجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو پربھاکر راؤ و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرکے کانگریس قائدین نے برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی کے علاوہ بھٹی وکرمارکا ، سریدھر بابو ، مدھو یاشکی گوڑ ، ڈاکٹر ملو روی ، جیون ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پولیس نے کارکنوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریالی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ اور برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کیہ نریندر مودی اور کے سی آر حکومت عوام پر بوجھ عائد کر رہے ہیں حالانکہ انتخابات سے قبل مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری تک کانگریس احتجاج جاری رکھے گی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود ودیوت سودھا گھیراؤ کا پروگرام کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اجازت کے بغیر قومی شاہراہوں پر ٹی آر ایس کے دھرنا پروگرام پر ہائی کورٹ نے ناراضگی جتائی ہے۔ شام میں پولیس نے کانگریس قائدین کی قیامگاہوں کی نگرانی کو ختم کردیا۔ر