پولیس یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی: امیت شاہ

,

   

مرکزی وزیر داخلہ کا ملک گیر سطح پر سائنس یونیورسٹیوں کے قیام کا بھی تیقن
نئی دہلی۔28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج مجرمانہ معاملات کی تیز اور سائنسی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے پیشہ ور پولیس اہلکاروں کو تیار کرنے کے مقصد سے ملک میں پولیس یونیورسٹیاں اور فوجداری سائنس یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی ۔امیت شاہ نے آج یہاں پولیس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ بیورو کے 49 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس یونیورسٹیاں قومی سطح پر قائم ہوں گی اور ان سے وابستہ کالج ہر ریاست میں ہوں گے ۔ بیورو نے اس سے متعلق مسودہ تیار کیا ہے اور اسے جلد ہی کابینہ کی منظوری کے لئے لایا جائے گا۔ بارہویں جماعت کے بعد ٹریننگ لینے والوں کو پولیس اور نیم فوجی دستوں میں بھرتی میں ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قصورواروں کو جلد سزا دینے سے جرم کرنے کی ذہنیت کم ہوگی لیکن اس کے لئے پولیس مجرموں اور مجرمانہ ذہنیت رکھنے والوں سے چار قدم آگے رہنا ہوگا۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیس کی جدید کاری صحیح طریقے سے کی جائے ۔ انہوں نے کہا ، ‘‘اب کوئی تھرڈ ڈگری کا دور نہیں ہے ۔‘‘ہمیں تحقیقات کے لئے سائنسی طریقے اپنانے ہوں گے ۔’’مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی معیشت کو 50 کھرب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف طے کیا ہے اور ہر ایک کو یقین ہے کہ ملک ضرور وہاں پہنچے گا لیکن اس کے لئے ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کو بہتر طور پر برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے لئے معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ فوجداری سائنس یونیورسٹی اور کالجوں کی سمت میں بیورو کو تیز رفتار سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ، ‘‘مختلف معاملات میں سزا کا ہمارا تناسب انتہائی قابل رحم ہے ۔ اس میں بہتری لائی اسی وقت جاسکتی ہے جب تحقیقات کا بروقت فارنسک سائنس کی مدد سے کی جائے ۔پولیس اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک طویل اور مستقل عمل ہے ، چیلنجز جیسے جیسے بدلیں گے اسی کے مطابق اسے آگے بڑھانا ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس کو بہتر بنانے کے لئے پولیس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ بیورو کو نئے سرے سے غور کرنا پڑے گا۔ جرائم ضابطہ اخلاق اور تعزیرات ہند کے ضابطے میں بنیادی تبدیلیوں کے لئے ملک گیر مشاورت شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان تبدیلیوں کی ایک طویل عرصے سے ضرورت ہے اور اب ان کے لئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔