پولینڈ میں ممکنہ طور پر یوکرین سے میزائل داغے گئے : ناٹو

   

برسلز: ناٹو نے کہا کہ پولینڈ میں منگل کے روز دو افراد کی ہلاکت ممکنہ طور پر یوکرین کے میزائل حملے کے نتیجے میں ہوئی۔ناٹو کے سکریٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ نے میڈیا کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے یوکرین کی سرحد کے قریب ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے دوران بی بی سی کو بتایا کہ یہ یوکرین کا فضائی دفاعی میزائل ہو سکتا ہے ۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ یہ میزائل روس نے داغا تھا۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ٹیلیویژن پر نشر ہونے والے تبصرے میں کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ یہ ہمارا میزائل نہیں ہے ۔ ہماری ملٹری رپورٹ کی بنیاد پر، مجھے یقین ہے کہ یہ روسی میزائل تھا۔ یوکرین کے فضائی دفاعی نظام کو منگل کے روز اس وقت الرٹ کر دیا گیا تھا جب روس نے 24 فروری کو اپنے حملے کے بعد سب سے بڑا میزائل حملہ شروع کیا۔ اسٹولٹنبرگ نے کہا کہ ناٹو نے یوکرین کو مزید جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ یوکرین ناٹو اتحاد کا رکن نہیں ہے ، جبکہ پولینڈ ناٹو کا رکن ملک ہے۔