پون کلیان بی جے پی کی کٹھ پتلی: مہیش کمار گوڑ

   

حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ جن سینا کے سربراہ پون کلیان بی جے پی کے اشارے پر تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تیاری کرری ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی کی موسیقی پر پون کلیان رقص کرتے ہوئے کٹھ پتلی ثابت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے متعلق پون کلیان کے بیانات کو عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ پون کلیان نے کہا تھا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد انہوں نے 11 دن تک کھانا نہیں کھایا۔ انہوں نے کہا کہ پون کلیان کو تلنگانہ جذبہ کے بارے میں اظہار خیال کا کوئی حق نہیں ہے اور وہ بنیاد طور پر تشکیل تلنگانہ کے مخالف ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ عوام کسی بھی نئی پارٹی کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر پون کلیان نے جلسہ عام منعقد کرنے کی کوشش کی تاکہ عوام میں پھوٹ پیدا کی جائے۔ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں چیف منسٹر کی تبدیلی سے متعلق اطلاعات پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ معاہدہ کے تحت کرناٹک میں چیف منسٹر کی تبدیلی کی گئی۔ تلنگانہ میں اس طرح کی کوئی صورتحال نہیں ہے۔ 1؍F