پٹرول ،ڈیزل پر ویاٹ ریاستیں کم کریں : مودی

,

   

نئی دہلی: تمام ریاستوں سے پٹرول اور ڈیزل پرویاٹ کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو کہا کہ تمام شہریوں کو مرکزی حکومت کے اقتصادی فیصلے کا فائدہ ملنا چاہئے ۔یہاں تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کوویڈ کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ میں مودی نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں ہندوستانی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے اقتصادی فیصلوں کو مربوط کرنا ضروری ہے ۔ ایسے میں تعاون پر مبنی وفاقیت اہم ہوجاتی ہے ۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے ان پر اکسائز ڈیوٹی نومبر میں کم کی تھی اور ریاستی حکومتوں سے بھی ویاٹ میں کمی کرنے کی درخواست کی تھی۔ کچھ ریاستوں نے ویاٹ کو کم کیا لیکن کچھ نے نہیں کیا اور نہ ہی اس کے فوائد کو عام لوگوں تک پہنچایا۔ اس کی وجہ سے پڑوسی ریاستوں کو بھی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک اور ہریانہ جیسی ریاستوں نے ویاٹ میں کمی کی ہے اور ریونیو کا نقصان اٹھا کر عوام کو راحت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں نے کچھ وجوہات کی بنا پر پٹرول اور ڈیزل پرویاٹ میں کمی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جملہ آمدنی کا 42فیصد حصہ ریاستوں کو جاتا ہے ۔ روس۔ یوکرین جنگ کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعلقات بہت اہم ہیں۔ جنگ نے ’’سپلائی چین‘‘ کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نومبر میں مرکز نے ایندھن پر ایکسائز ڈیوٹی کم کی تھی اور ریاستوں سے بھی ایسا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ میں کسی پر تنقید نہیں کر رہا ہوں، لیکن میں مہاراشٹر، مغربی بنگال، تلنگانہ، آندھرا پردیش، کیرالہ، جھارکھنڈ اور تمل ناڈو سے درخواست کر رہا ہوں کہ وہ ویاٹ کو کم کریں تاکہ عام لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس موقع پر راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال موجود تھے ۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی موجود تھے ۔