پٹرول اور ڈیزل فی الحال نہیں ہوں گے سستے، وزیرخزانہ نے بتائی قیمتوں میں تخفیف نہیں کرنے کی وجہ

   

ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی سابقہ حکومت کی طرف سے 2013-14 میں تیل کی قیمتوں کو کم کرنے کے مقصد سے جاری کردہ تیل کے بانڈز کی ادائیگی مودی حکومت کر رہی ہے اور اب تک 60205.67 کروڑ روپے صرف سود میں ادا کیے گئے ہیں ۔ اس کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں فوری تخفیف کی توقع نہیں کی جا سکتی ۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مارچ 2021 تک تیل بانڈ کے 130923.17 کروڑ روپے کے بقایا اور 2025-26 تک اس کی سود کے ساتھ ادا کیے جانے ہیں ۔ ابھی تقریبا دس ہزار کروڑ روپے ہر سال صرف بطور سود ادا کیے جا رہے ہیں ۔ اب تک مودی حکومت نے 60205.67 کروڑ روپے بطور سود ادا کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کی یو پی اے حکومت نے تیل کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے یہ آئل بانڈ جاری کیا تھا اور تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں پر اس کا بوجھ ڈال دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2024-25 تک ایک سال میں 25 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی ادائیگی کرنی ہوگی۔