پہاڑی شریف میں خاتون کی موت پر سنسنی

   

حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) پہاڑی شریف کے علاقہ میں ایک خاتون کی مشتبہ موت کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ تاہم خاتون کے مائیکے والوں نے خاتون کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر قتل کا الزام عائد کیا ہے ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 25 سالہ ربانی بیگم نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ۔ خاتون کے رشتہ داروں کے الزام اور خاتون کے گلے پر پائے جانے والے گہرے نشانات سے پولیس نے بھی شبہ ظاہر کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ربانی بیگم جو وادی مصطفی جل پلی علاقہ کے ساکن محمد وسیم کی بیوی تھی ۔ یہ خاتون مشتبہ طور پر فوت ہوگئی ۔ ربانی بیگم کی شادی وسیم سے 5 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ اس خاتون کو جہیز جحکلح ہراسان و پریشان کیا جارہا تھا ۔ سابق میں اس خاتون کو پانی کے سمپ میں ڈھکیل دیا گیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ درج ہوا تاہم بعد میں معاملہ فہمی ہوئی ۔ ربانی بیگم کے بھائی افروز نے میڈیا کو بتایا کہ کیس ختم ہونے کے بعد وسیم کی خواہش پر انہیں علحدہ رہنے کا انتظام بھی کیا گیا تھا اور بہن کی خاطر وسیم کے قرض کو بھی ادا کیا گیا اور مکان میں زندگی بسر کرنے کیلئے راشن کا بھی انتظام کیا گیا باوجود اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ ربانی بیگم کو اذیت پہونچا رہا تھا ۔ وسیم پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے جو فی الحال مفرور بتایا گیا ہے ۔ خاتون کے خاندانی ذرائع کے مطابق کل ربانی بیگم نے ان کی والدہ کو فون کیا تھا اور ظلم و زیادتی کی داستان سنائی تھی اور جب آج ان کی والدہ جب اپنی بیٹی کے پاس پہونچی تو وہ اس کے مکان میں مردہ پائی گئی ۔ پولیس پہاڑی شریف نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔