لیما:پیرو میں طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق راجدھانی لیما میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یہ حادثہ ہوا جس میں لینڈنگ کے وقت ایک فلائٹ رَنوے میں فائر ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے بعد طیارہ میں آگ لگ گئی۔اس حادثہ کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رَنوے پر لینڈنگ کے بعد طیارہ ٹرک سے ٹکرا جاتا ہے اور پھر جیسے جیسے وہ آگے بڑھتا ہے، آگ کی لپٹیں تیز ہوتی جاتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ میں فائر بریگیڈ کے دو اہلکاروں کی موت ہو گئی ہے۔ ایئرلائن نے بتایا کہ اس حادثہ میں کسی بھی مسافر یا پائلٹ ٹیم کے رکن کی موت نہیں ہوئی ہے۔
لیما ایئرپورٹ کا انتظام و انصرام دیکھنے والی کمپنی نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر آپریشن بند کر دیا گیا ہے۔ سبھی مسافروں کو ضروری سہولیات دی جا رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ایئربس میں 102 پاسنجر اور 6 عملہ کے ارکان سوار تھے۔