پیٹ سے 7 ماہ بعد موبائل باہر نکالا گیا

   

قاہرہ ۔ مصر کے شہر قاہرہ کے قریبی قصبے میں ایک دلچسپ اور حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق ایک دیہاتی نے دوستوں کے ساتھ بیٹھے مذاق مذاق میں موبائل فون نگل لیا تھا۔یونیورسٹی ہسپتال کے ڈاکٹر محمد الجزار نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مریض حسن رشاد کی عمر 28 سال ہے اور وہ قریبی دیہی علاقے القیوبیہ کا رہنے والا ہے۔یہ شخص سینے اور پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت لے کر دواخانہ آیا تو اس کا مکمل چیک اپ کیا گیا۔ ایکسرے کرنے کے بعد موبائل فون کی موجودگی کا پتہ چلا۔دریافت کرنے پر مریض نے بتایا کہ اس نے سات مہینے قبل دوستوں کے کہنے پر یہ موبائل نگل لیا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ قے آنے سے موبائل فون واپس باہر نکل آئے گا لیکن ایسا نہیں ہوا اور اس نے اہل خانہ سے اس کا ذکر بھی نہیں کیا۔دواخانہ میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے دوگھنٹے طویل اورکامیاب آپریشن کر کے موبائل نکال لیا ہے۔ڈاکٹر نے کہا ہے کہ مریض کی قسمت اچھی ہے کہ موبائل کی بیٹری پیٹ میں تحلیل نہیں ہوئی ورنہ بیٹری کے اندر موجود کاربن کے زہرآلود ہونے کے باعث اس کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔مریض تاحال دواخانہ میں ہی ہے اور تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔