پیٹ میں پلنے والے بچہ پر شوہر کا شک بیوی کی خود کشی

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : محبت کی شادی کے بعد بیوی کے پیٹ میں پلنے والے بچہ پر شوہر کے شکوک اور شبہات کے بعد حاملہ خاتون نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کرلی جس سے دو قیمتی زندگیاں ضائع ہوگئیں ۔ شک و شبہات سے کئی زندگیاں اجڑنے کے ہم نے کئی واقعات کو دیکھا ہے ۔ پڑھا ہے اور سنا بھی ہے ۔ ایسا ہی ایک تازہ واقعہ ضلع محبوب نگر میں پیش آیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ جڑچرلہ منڈل الوین پلی کے کرشنیا اور کرشنماں نے 6 سال قبل ایک دوسرے سے محبت کی شادی کی تھی ۔ جنہیں تین بیٹیاں ہیں ۔ مقامی طور پر مزدوری کرتے ہوئے زندگی گذار رہے تھے ۔ فی الحال کرشنماں 4 ماہ کی حاملہ تھی لیکن شوہر کرشنیا کو اپنی شریک حیات کے پیٹ میں پلنے والے بچہ پر شک تھا اور وہ روز اس مسئلہ پر اپنی بیوی سے بحث و تکرار اور جھگڑا کیا کرتا تھا ۔ پیر کی رات نشے میں گھر پہونچنے والے شوہر نے دوبارہ اس مسئلہ پر اپنی بیوی سے جھگڑا کیا جس سے دلبرداشتہ حاملہ خاتون نے گھر میں ہی کیڑے مارنے والی دوا پی لی ۔ اس کو دیکھنے کے بعد شوہر نے فوری اپنی بیوی کو بادے پلی گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا ۔ نصف شب کو حالت بگڑنے پر ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران راستے میں ہی حاملہ خاتون نے دم توڑ دیا ۔۔ ن