پیگاسس معاملہ، حکومت کو پارلیمنٹ میں جواب دینا ہوگا :راہول

,

   

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے پیگاسس اور کسانوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں ہنگاموں کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور حکومت کو پارلیمنٹ میں پیگاسس جیسے حساس معاملے میں جواب دینا چاہئے ۔ راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو 14 اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیگاسس کو اپنے عوام اور جمہوری اداروں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہتھیار دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف استعمال ہونا چاہئے تھا لیکن حکومت اسے جمہوری اداروں کے خلاف استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیگاسس نہ صرف ان کے خلاف استعمال ہورہا ہے بلکہ اسے سپریم کورٹ، اپوزیشن رہنماؤں، صحافیوں، کارکنوں وغیرہ کے خلاف بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت ایوان میں اس سنگین مسئلے پر بات کرنے سے کیوں بچ رہی ہے ۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ ان پر الزام لگایا جارہا ہے کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ کو کام نہیں کرنے دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیگاسس کے ذریعہ ملک کی جمہوریت پر حملہ کیا جارہا ہے اور ان کی پارٹی اس طرح کے معاملے پر سکون سے نہیں رہ سکتی، لہٰذا وہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی ذمہ داریوں کو نبھا رہی ہے ۔ راہول گاندھی نے بتایا کہ پیگاسس ان کے لئے حب الوطنی سے جڑا معاملہ ہے اور وہ اس پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے ہیں۔ اس میں مسئلہ یہ ہے کہ حکومت کو جو ہتھیار دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف استعمال کرنا چاہئے تھا وہ اسے اپنے ہی لوگوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ اس نے اسے خریدا ہے یا نہیں۔ حکومت کو اس سوال کا جواب ہاں یا نہیں میں دینا چاہئے اور ساتھ ہی یہ بھی بتانا چاہئے کہ وہ اس ہتھیار کو ملک کے خلاف کیوں استعمال کررہی ہے ۔ ڈی ایم کے رہنما ٹی آر بالو نے بتایا کہ ان کی پارٹی بھی اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بات چیت چاہتی ہے ۔ یہ ملکی سلامتی سے متعلق ایک سنجیدہ مسئلہ ہے لیکن حکومت اس پر بحث سے گریز کررہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو نے کہا کہ پیگاسس کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کو ایک ہی تشویش ہے ، لہذا تمام پارٹیوں کے قائدین نے مل کر اس کے خلاف لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کیوں بحث سے گریز کرنا چاہتی ہے ۔شیوسینا کے سنجے راوت نے کہا کہ حکومت اس مسئلے پر بحث سے بھاگنے کی مستقل کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی سلامتی سے متعلق معاملہ ہے اور پوری اپوزیشن اس معاملے میں متحد ہے اور اس کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرے گی۔