حیدرآباد 28 جولائی ( سیاست نیوز ) پی ایچ ڈی داخلوں کا اعلامیہ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی طلبا نے آج یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈی رویندر کا گھیراؤ کیا اور ان کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کی ۔ طلبا کا مطالبہ ہے کہ پی ایچ ڈی داخلے سابقہ طریقہ کار کی بنیاد پر ہی کئے جائیں جس طرح 2011 اور 2017 میں کئے گئے تھے ۔ طلبا کا اصرار ہے کہ میرٹ کی بنیادوں پر داخلہ کے نئے قوانین پر عمل نہ کیا جائے ۔ طلبا اور عہدیداروں کے مابین وائس چانسلر کے چیمبر میں بات چیت شروع ہوئی تھی جو بعد میں گرماگرم مباحث میں بدل گئی ۔ پولیس نے کئی طلبا کو حراست میں بھی لے لیا ۔ طلبا کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوں سے یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی داخلوں کا اعلامیہ جاری نہیں کیا ہے جو فوری جاری کیا جانا چاہئے ۔