پی ٹی آئی کے 18غیر اعلانیہ بینک کھاتوںکا انکشاف

   

اسلام آباد، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں حکمراں پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے ملک میں کم از کم 18 غیر اعلانیہ بینک کھاتوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ڈان کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بي پی) کی جانب سے پاکستان الیکشن کمیشن کو سونپی گئی ایک رپورٹ میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے ۔رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے 26 بینک کھاتے ہیں، لیکن ان میں سے صرف آٹھ کھاتے ہی ظاہر کئے گئے ہیں۔ باقی 18 کھاتوں کا پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو پیش کردہ سالانہ آڈٹ رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں فرضی یا غیر قانونی کھاتوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے ۔سالانہ آڈٹ رپورٹ پی ٹی آئی کے صدر عمران خان کی طرف سے اتھارٹی اور توثیق کے ساتھ الیکشن کمیشن کو تفویض کی گئی ہے ۔دوسری طرف پارٹی نے دعوی کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو سبھی کھاتوں کی اطلاعات سونپ دی گئی ہیں۔