پی چدمبرم کرپشن کیس میں دو ہفتوں کیلئے تہاڑ جیل منتقل

,

   

آئی این ایکس میڈیا کیس میں سی بی آئی عدالت کی کارروائی
ای ڈی کیس میں پیشگی ضمانت سے سپریم کورٹ کاانکار چدمبرم کیلئے جھٹکہ ثابت ہوا

نئی دہلی ۔ 5 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم کو آج سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا جبکہ چند گھنٹے قبل ہی سی بی آئی کی عدالت نے انہیں آئی این ایکس میڈیا کیس میں دو ہفتہ کیلئے عدالتی تحویل میں بھیجا تھا۔ یہ کانگریس ویٹرن کیلئے عدیم المثال جھٹکہ ہے، جنہوں نے جیل جانے کی رسوائی سے بچنے کی آخری کوشش کے طور پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے آگے خود سپردگی کی پیشکش بھی کی۔ سابق مرکزی وزیر داخلہ چدمبرم جو اپنی 74 ویں سالگرہ سے صرف 10 یوم دور ہیں، انہیں اسپیشل سی بی آئی کورٹ واقع راؤز ایوینیو سے نیلے رنگ کی پولیس بس میں تہاڑ جیل لے جایا گیا، جو 18 کیلو میٹر کا فاصلہ ہے ۔ عجیب اتفاق ہے کہ چدمبرم کو وہی جیل نمبر 7 میں رکھا گیا جہاں ان کے بیٹے کو یہی کیس میں گزشتہ سال 12 دن کے لئے رکھا گیا تھا ۔ جیل نمبر 7 عام طور پر ای ڈی کیسوں کا سامنا کرنے والوں کیلئے مخصوص ہوتا ہے۔ چدمبرم کے ہمراہ پولیس بس میں پولیس پرسونل موجود رہے، اور سی بی آئی کورٹ کے احکام کے مطابق کانگریس لیڈر کو ایشیا کے سب سے بڑے پریزن کامپلکس کے خصوصی سیل میں رکھا گیا۔ ان کی عدالت میں جمع افراد دم سادھے عدالتی حکمنامہ کا انتظار کرتے رہے، یہاں تک کہ 30 منٹ کی سماعت کے بعد خصوصی جج اجئے کمار کوہار نے چدمبرم کو 19 ستمبر تک اس کرپشن کیس میں عدالتی تحویل میں بھیج دیا جسے سی بی آئی نے آئی این ایکس میڈیا سے جوڑا ہے۔ جج نے مختصر سماعت کے اختتام کے ایک گھنٹہ بعد اپنا حکمنامہ سنایا۔ اب جبکہ چدمبرم جیل پہنچ چکے ہیں، وہ باقاعدہ ضمانت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ راجیہ سبھا ایم پی چدمبرم کو قبل ازیں دن میں تازہ جھٹکہ اس وقت لگا جب سپریم کورٹ نے میڈیا فرم سے متعلق ای ڈی کے غیر قانونی رقمی منتقلی کیس میں ان کو پیشگی ضمانت دینے سے انکار کردیا ۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ ای ڈی کیس چدمبرم کو راحت عطا کرنے کے لئے موزوں کیس نہیں ہے، جسٹس آر بانومتی اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بنچ نے کہا کہ معاشی جرائم مختلف زمرہ میں آتے ہیں کیونکہ وہ سماج کے معاشی تانے بانے کو متاثر کرتے ہیں اور اس لئے ایسے کیسوں میں پیشگی ضمانت عطا کرنے کے غیر معمولی اختیار کو بالائے طاق رکھنا پڑتا ہے۔ فاضل عدالت کا اپنے حق میں حکمنامہ آنے کے بعد ای ڈی کو اختیار تھا کہ چدمبرم کو کسی بھی وقت گرفتار کرلے لیکن اس نے برعکس فیصلہ کیا۔ اس کے نتیجہ میں جج اجئے کمار کو اختیار حاصل ہوا کہ وکیل و سیاستداں کو ضمانت پر رہا کریں یا عدالتی تحویل میں بھیج دیں۔ قبل ازیں چدمبرم کو 15 روزہ سی بی آئی تحویل کی اعظم ترین مدت ختم ہوجانے پر جج کے روبرو پیش کیا گیا۔ یہ 15 روز پانچ وقفوں پر محیط رہے جبکہ انہیں 21 اگست کی رات پاش علاقہ جور باغ میں واقع ان کی قیامگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان کی گرفتاری کیلئے تحقیقاتی ایجنسی کے عہدیداروں نے باؤنڈری وال کو استعمال کیا تھا۔ سی بی آئی نے یہ کیس 15 مئی 2017 ء کو درج رجسٹر کیا تھا جس کے بعد اسی معاملہ میں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا تھا۔