چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ،نقصان پہنچے فرش پر نئے ٹائلز لگائے جائیں گے

   


حیدرآباد :۔ چارمینار کے قریب لاڈ بازار میں واٹر ورکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے انجام دئیے گئے غیر مجاز کام کے بعد ، جس سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں تین سال قبل کی گئی گول پتھر فلورنگ کو نقصان پہنچا ہے ۔ اب یہاں نئے پتھر بچھائے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے یہاں حال میں ایک نئی پائپ لائن بچھانے کے کام انجام دئیے ہیں لیکن اسے محکمہ آثار قدیمہ (ASI) کی جانب سے روک دیا گیا ۔ اے ایس آئی کے مطابق انہیں بڑے کاموں کے لیے اجازت دینے کے لیے ایک درخواست موصول ہوئی تھی ۔ لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ اے ایس آئی نے بتایا کہ ’ واٹر بورڈ نے آتھرائزیشن کے بغیر کام شروع کیے تھے اور ہفتہ کو اے ایس آئی نے کام رکوادیا کیوں کہ اس ہیرٹیج عمارت کے قریب کسی قسم کے تعمیراتی کاموں سے اس تاریخی یادگار عمارت چارمینار کو نقصان پہنچ سکتا تھا ۔ معلوم ہوا کہ واٹر بورڈ نے ایک قدیم پائپ لائن کی تبدیلی کا کام شروع کیا تھا جس کی وجہ بلاکیج ہورہا ہے اور اطراف کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ پیڈسٹرئین اینڈ اسٹریٹس کیاپنگ نظریہ کے مطابق چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو اس لیے شروع کیا گیا کیوں کہ چارمینار کے اطراف میں گاڑیوں کے چلنے کی وجہ اس تاریخی یادگار عمارت کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ اس کے بڑے کاموں میں چارمینار کے اطراف پیدل چلنے کا علاقہ بنانا ، اس تاریخی عمارت کی حفاظت اور اس کا تحفظ اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا شامل ہے ۔ اس کام کے لیے 2000 میں شروعات کی گئی اور 2018 میں ٹائلز بچھانے کا کام مکمل ہوا ۔ چارمینار کے اطراف پیدل چلنے کے علاقہ کا رقبہ تقریبا 19,265 مربع میٹر ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ کہا کہ ’ ان کاموں کو متعلقہ محکمہ کی اجازت کے بغیر شروع کیا گیا تھا اور انہیں روک دیا گیا ۔ جیسے ہی کام مکمل ہوں گے یہاں نئے پتھر بچھائے جائیں گے ‘ ۔ کہا جاتا ہے کہ لاڈ بازار میں جہاں زیادہ گہماگہمی ہوتی ہے جو ایک تجارتی علاقہ ہے اور سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتا ہے اور یہاں لوگوں کو ناہموار ، کھردرے پتھروں کی وجہ مشکل پیش آرہی ہے اس سلسلہ میں بازار سے کئی شکایتوں کی وصولی کے بعد پراجکٹ ہیڈ نے گول گرانائیٹس کو پیونگ اسٹونس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ لیکن اس میں چند وجوہات کے باعث تاخیر ہوئی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ ’ کام کی وجہ اب پتھروں کو نقصان ہوا ہے اور شائد انہیں نہیں بچھایا جائے گا ۔ متعلقہ محکمہ کے کام اجازت کے ساتھ شروع ہونے اور مکمل ہوجانے پر یہاں نئے ٹائلز بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا ۔ پیونگ اسٹونس ( فرش کے پتھر ) سادہ اور صاف ہوں گے جس سے پیدل چلنے والوں کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ‘ ۔ ریڈی میڈ گارمنٹس کے ایک اونر سید اکبر نے کہا کہ ’ یہ کام گذشتہ ہفتہ شروع کئے گئے تھے عہدیداروں نے کاموں کو روک دیا اور وہ نا مکمل رہ گئے ہیں اور اب یہ نا مکمل چھوڑ دئیے گئے کاموں کی وجہ مارکٹ میں مشکل اور دشواری پیش آرہی ہے ۔ اس لیے متعلقہ محکمہ کو کام شروع کر کے انہیں جلد مکمل کرنا چاہئے ‘ ۔۔