بچوں کا مکتوب مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل : چیف جسٹس
حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس الوک ارادھے نے قابل تقلید قدم اٹھاتے ہوئے عادل آباد سے تعلق رکھنے والے بچوں کی جانب سے لکھے گئے مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے سرکاری اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں حکومت کو نوٹس جاری کی ہے۔ عادل آباد کی اولڈ ہاوزنگ بورڈ کالونی میں چلڈرنس پارک کیلئے مختص کردہ اراضی پر ناجائز قبضوں کی شکایت کرتے ہوئے مقامی بچوں نے چیف جسٹس کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ بچوں کے کھیل کود کیلئے پارک کی اراضی کا تحفظ کیا جائے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس انیل کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے بچوں کے مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کو نوٹس جاری کی اور اراضی کے تحفظ میں ناکامی کی وضاحت طلب کی۔ چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری، بلدی نظم و نسق، پرنسپل سکریٹری ریوینیو، کلکٹر عادل آباد، میونسپل کمشنر عادل آباد اور سابق میونسپل کمشنر اے شیلجا کو نوٹس جاری کی گئی۔ چلڈرنس پارک کیلئے ایک ایکر 5 گنٹہ اراضی مختص کی گئی تھی جس پر ناجائز قبضوں کے ذریعہ مندر کی تعمیر کی شکایت کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے گورنمنٹ پلیڈر برائے ریوینیو کو ہدایت دی کہ کارروائی رپورٹ پیش کریں۔ واضح رہے کہ اے دکشا اور دیگر 22 بچوں نے 29 ڈسمبر کو چیف جسٹس کے نام مکتوب روانہ کیا تھا۔1