چندرائن گٹہ میں بیرونی ممالک کے سگریٹ فروخت کنندہ گرفتار

   

حیدرآباد/13 جون، ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس نے فارن سگریٹس فروخت کرنے والے شخص کو چندرائن گٹہ علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ نارتھ زون ٹاسک فورس نے ساؤتھ زون میں کارروائی کرکے 12 لاکھ 60 ہزار روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ الجبیل کالونی کے ساکن 30 سالہ محمد احمد کو گرفتار کرلیا۔ احمد دہلی صدر بازار سے فارن سگریٹ مونیکا انکیٹ اور پوجا دوکانات سے خریدا کرتا تھا۔ ملبوسات کا تاجر احمد دو سال قبل ان کے رابطہ میں آیا تھا اور کم قیمت میں سگریٹ خرید کر حیدرآباد میں فروخت کرتا تھا ۔ یہ سامان بذریعہ ریلوے کارگو حیدرآباد لایا جاتا تھا۔ جن میں ملیشیاء، چین ، ساؤتھ کوریا، سوئزرلینڈ کے معروف برانڈ شامل ہیں ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار شخص کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ مزید تحقیقات کیلئے چندرائن گٹہ پولیس کے حوالے کردیا۔