چندریان ۔2 آئندہ ماہ چھوڑا جائے گا

   

حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) چاند کیلئے ہندوستان کا دوسرا مشن چندریان۔2 ، جولائی 15کو شروع ہوگا۔ ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ ( اِسرو ) کے چیرمین کے سیون نے چہارشنبہ کو یہ اعلان کیا اور کہا کہ خلائی تحقیقی ادارہ اپنی نوعیت کے انتہائی پیچیدہ مشن کے آغاز کے لئے پوری طرح تیار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن 6 یا 7 ستمبر کو قطب جنوبی کے قریب چاند پر لینڈنگ کرے گا جو تاحال ایک نامعلوم مقام ہے۔ کے سیون نے کہا کہ یہ مشن 15 جولائی کو رات 2:51 بجے سری ہری کوٹہ سے جی ایس ایل وی ، ایم کے ۔ III کے ذریعہ خلاء میں چھوڑا جائے گا۔ ’اِسرو‘ نے قبل ازیں 9جولائی اور16 جولائی کے درمیان یہ مشن داغنے کا منصوبہ مرتب کیا تھا۔ 3.8 ٹن وزنی یہ خلائی گاڑی تین ماڈیولس آربٹر، لینڈر ( وکرم ) اور روور (پرگیان ) پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر سیون نے کہا کہ آربٹر پر آٹھ پے لوڈس ہوں گے۔ لینڈر پر تین اور روور پر دو پے لوڈس ہوں گے۔