چوری کا شبہ، مہاراشٹرا میں 4دلت نوجوانوں کو درخت سے لٹکا کرپیٹا گیا

   

ممبئی : مہاراشٹرا کے احمد نگر ضلع کے ایک گاؤں میں چار دلت نوجوانوں کو مبینہ طور پر درخت سے الٹا لٹکا دیا گیا اور چھ لوگوں نے بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبہ میں لاٹھیوں سے پیٹا۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی ۔ پولیس کے مطابق شریرام پور تعلقہ کے ہریگاؤں گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس کے بعد پولیس نے 26 اگست کو حملہ کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا جب کہ پانچ دیگر فرار ہیں۔ 25 اگست کو گاؤں کے چھ افراد یوراج گالانڈے، منوج بوڈاکے، پپو پارکھے، دیپک گائیکواڑ، درگیش ویدیا اور راجو بوراج کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر چار دلت نوجوانوںکو، جن کی عمریں 20 سال کی تھیں، ان کے گھروں سے اٹھا لیا۔ متاثرین کو ایک درخت سے الٹا لٹکایا گیا اور بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبہ میں لاٹھیوں سے مارا پیٹا گیا۔ متاثرین میں سے ایک شبھم ماگڑے نے شکایت درج کرائی۔ پولیس نے کہا کہ دفعہ 307 (قتل کی کوشش)، 364 (اغوا) اور تعزیرات ہند کی دیگر متعلقہ دفعات اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے خلاف 27 اگست کو شری رام پور تعلقہ کے ہریگاؤں گاؤں کے لوگوں نے احتجاج کیا۔ اپوزیشن کانگریس نے اس واقعہ کو انسانیت پر ایک دھبہ اور بی جے پی کی طرف سے پھیلائی جا رہی نفرت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔