چور کو صحافی کا فون چرانا مہنگا پڑ گیا

   

پوری کارروائی فیس بک لائیو پر چلی گئی
قاہرہ : مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک صحافی کی لائیو رپورٹنگ اچانک ہی ایک فلمی سین میں تبدیل ہو گئی، جب موٹر سائیکل پر سوار ایک چور نے موبائل چھین لیا۔ خبر کے مطابق مصری اخبار یوم السابع سے وابستہ ایک صحافی دارالحکومت قاہرہ میں آنے والے زلزلے کی لائیو رپورٹنگ اپنے موبائل کے ذریعے کر رہا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار ایک چور تیزی سے آیا اور فون چھین کر لے گیا۔ لیکن چور کو یہ معلوم نہیں تھا کہ تمام واقعہ لائیو اسٹریمنگ Facebook Live کے ذریعے ناظرین دیکھ رہے ہیں۔چور نے موبائل موٹر بائیک پر اس طرح سے رکھا کہ کیمرہ اس کے چہرے کی طرف تھا۔یوم السابع نے فیس بک لائیو چور کے چہرے کے ساتھ ہی چلنے دیا، جسے اخبار کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں لوگ دیکھ رہے تھے۔پولیس نے اس دن چور کی شناخت کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ فیس بک کے بعد ویڈیو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شائع ہو گئی تھی جس پر صارفین چور کی بدقسمتی کے حوالے سے تبصرے کر رہے ہیں۔