چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کے تقرر کےخلا ف درخواست ہائی کورٹ میں مسترد

   

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے وقف بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کے طور پر محمد اسد اللہ کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کردیا۔ گولکنڈہ کے ساکن محمد اکبر نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ محمد اسد اللہ ایڈیشنل کلکٹر کے عہدہ پر فائز ہیں لیکن پے اسکیل کے اعتبار سے وہ عہدہ پر برقراری کے اہل نہیں۔ واضح رہے کہ سابق انچارج سی ای او خواجہ معین الدین کے وقت باقاعدہ سی ای او کے تقرر کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ حکومت نے شیخ لیاقت حسین کو عہدیدار مجاز کے طور پر مقرر کیا جس پر ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی گئی کہ حکومت نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ مستقل سی ای او کے تقرر کے بعد توہین عدالت کی درخواست سے دستبرداری اختیار کرلی گئی تاہم ایک خانگی شخص نے خود کو توہین عدالت کے مقدمہ میں بطور فریق شامل ہوتے ہوئے محمد اسد اللہ کے تقرر کو چیلنج کیا۔ ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی اس مقدمہ میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ درخواست گذار کو توہین عدالت کے مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مقدمہ کے اصل فریق نے حکومت کے موقف کی تائید کی جس کے بعد عدالت نے درخواست کو مسترد کردیا۔ سینئر ایڈوکیٹ ویدولا وینکٹ رمنا نے درخواست گذار کی جانب سے پیروی کی۔1