چیف جسٹس سے کانگریس قائدین کی ملاقات

   

ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد 42 کرنے پر مبارکباد
حیدرآباد۔ کانگریس کے کئی قائدین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف انڈیا جسٹس این وی رمنا سے ملاقات کی اور تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد میں اضافہ پر اظہار تشکر کیا۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، نائب صدر ڈاکٹر ملوروی اور سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ نے راج بھون پہنچ کر جسٹس رمنا سے ملاقات کی۔ چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد جسٹس رمنا کا پہلا دورہ حیدرآباد ہے اور وہ سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز ہونے کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرنا دونوں تلگو ریاستوں کے عوام کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد کو 24 سے بڑھا کر 42 کرنے کی ستائش کی اور کہا کہ چیف جسٹس کا یہ اقدام سماجی و علاقائی انصاف میں مددگار ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر ملو روی نے چیف جسٹس کو مکتوب حوالہ کیا جس میں ہائی کورٹ میں سماجی انصاف پر مبنی ججس کے تقررات، ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججس کے تقررات اور سی بی آئی ڈائرکٹر کے تقرر میں چیف جسٹس کے اہم رول کو سراہا۔ وی ہنمنت راؤ نے جسٹس رمنا کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عدلیہ کو مستحکم بنانے اور قانون کے تمام شعبہ جات میں سماجی انصاف کو پیش نظر رکھتے ہوئے ججس کے تقررات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کیرالا کی ایک کمسن طالبہ کے مکتوب پر سپریم کورٹ کی کارروائی کی ستائش کی۔ طالبہ نے کوویڈ علاج سے متعلق اُمور پر توجہ دلائی تھی۔