خادم الحجاج کو دیانتداری کے ساتھ عازمین کی خدمت کا مشورہ

   

تفسیر اقبال نے خادم الحجاج کو ہدایات جاری کی، ایر پورٹ اور حج کیمپ انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال (آئی پی ایس ) نے حج 2024 کے منتخب خادم الحجاج کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں دوران حج عازمین حج کی بہتر طور پر خدمت انجام دینے کی ہدایت دی۔ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین کے ہمراہ تفسیر اقبال نے حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خادم الحجاج کو دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی خادم الحجاج کے بارے میں شکایات موصول ہوں گی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عازمین حج کی سہولت کیلئے خادم الحجاج کو روانہ کرتی ہے اور اس مرتبہ ہر 200 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جارہا ہے۔ سابق میں ہر 300 کیلئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج اور پھر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران عازمین حج کی صحت اور دیگر ضرورتوں کا خیال رکھا جائے۔ اسی دوران ایگزیکیٹو آفیسر نے سعودی ایر لائنس، کسٹمس، جی ایم آر اور ایمیگریشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حج کیمپ اور ایر پورٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ لیاقت حسین اور عرفان شریف نے لگیج اور اسکریننگ کے حج کیمپ میں انتظامات سے واقف کرایا۔ ایر پورٹ یا پھر حج کیمپ میں بیاگیج کلیرنس کا انتظام رہے گا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے ناگیشورراؤ، اسسٹنٹ کمانڈنٹ وکاس، چیف سیکوریٹی آفیسر شیویا، سیکوریٹی کوآرڈینیٹر سعودی ایر لائنس محمد مشتاق، شیخ شاہنواز سیکوریٹی اسوسی ایٹ ایر انڈیا، سہیل محمد سینئر سیکوریٹی آفیسر ایر انڈیا، محمد واحد علی منیجر سعودی ایر لائنس اور دوسروں نے شرکت کی۔1