چیف منسٹر آتشی کا کجریوال کیلئے کرسی خالی رکھنے کا فیصلہ

,

   

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی آتشی نے آج اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ چار ماہ بعد دہلی کے لوگ اپنے پیار اور اعتماد سے اروند کجریوال کو دوبارہ دہلی کا وزیر اعلیٰ بنائیں گے ، تب تک ان کی کرسی ان کا انتظار کر ے گی اور وہ کسی اور کرسی پر بیٹھ کر حکومت چلائیں گی۔وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آتشی نے صحافیوں سے کہا کہ جس طرح بھرت نے بھگوان شری رام کے کھڑاون رکھ کر 14 سال تک اجودھیا کر حکومت کی، اسی طرح وہ اگلے چار ماہ تک دہلی کی حکومت چلائیں گی۔آتشی نے کہا کہ بھگوان شری رام اپنے والد سے کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کیلئے 14 سال تک بنواس کی زندگی گزاری اسی لیے بھگوان شری رام کو مریادا پرشوتم کہا جاتا ہے ۔ ان کی زندگی ہم سب کیلئے وقار اور اخلاق کا نمونہ ہے ۔ بالکل اسی طرح کجریوال نے اس ملک کی سیاست میں وقار اور اخلاقیات کی مثال قائم کی ہے ۔ پچھلے دو برسوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کجریوال پر کیچڑ اُچھالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ بی جے پی نے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے ، انہیں گرفتار کیا اور چھ ماہ تک جیل میں رکھا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب کجریوال کو سپریم کورٹ نے ضمانت دی تھی تو عدالت نے کہا کہ ان کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کوئی اور لیڈر ہوتا تو وہ وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھنے سے پہلے دو منٹ تک نہیں سوچتا، لیکن کجریوال نے کہا کہ وہ اس کرسی پر اس وقت تک نہیں بیٹھیں گے جب تک دہلی کے لوگ ان کی ایمانداری پر اعتماد نہیں ظاہر کرتے ۔ آتشی نے کہا کہ دہلی کی وزیر اعلیٰ کی کرسی کجریوال کی ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ چار ماہ بعد فروری میں ہونے والے انتخابات میں دہلی کے عوام اپنے پیار اور بھروسے کے ساتھ اروند کجریوال کو دوبارہ دہلی کا وزیر اعلیٰ بنائیں گے ۔ تب تک یہ کرسی اسی کمرے میں رہے گی اور کجریوال کا انتظار کر ے گی ۔