حیدرآباد ۔ 30 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی یکم ؍ جون سے ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے جہاں مختلف مقامات پر کروڑوں روپئے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کئی مکمل شدہ اسکیمات کا افتتاح کریں گے ۔ سرکاری شیڈول کے مطابق چیف منسٹر یکم ؍ جون کو ضلع عادل آباد میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ 3 جون کو ضلع رنگاریڈی کے کوہڈ کا دورہ کریں گے جہاں وہ ایک جدید ترین انٹیگریٹیڈ مارکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے جہاں 239 ایکر اراضی پر تمام تر جدید ترین سہولیات سے لیس ایک بین الاقوامی معیار کی مارکٹ تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اسی دن شام میں چیف منسٹر ضلع محبوب نگر کیلئے روانہ ہوں گے اور سوماشیلا میں شب بسری کریں گے اور 4 جون کو وہ جورالا پراجکٹ اور نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے کاموں کا معائنہ کریں گے اور ساتھ ہی نرلاپور، نیٹم کے آبی ذخائر کا دورہ کرکے وہاں زیرالتواء پڑے آبپاشی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اپنے اس دورہ کے آخری مرحلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی 5 جون کو سکندرآباد پریڈ گراونڈ میں منعقد ہونیو الی ایک شاندار تقریب میں شرکت کریں گے جہاں وہ خواتین کی سیلف ہیلپ گروپس میں بسیں تقسیم کریں گے۔ ریاستی حکومت نے 199 کروڑ روپئے کی بھاری لاگت سے 553 نئی بسیں خریدی ہیں جو خواتین گروپس کو فراہم کی جائیں گی۔ اس منفرد اسکیم کے تحت حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں بسیں فراہم کررہی ہے جنہیں تلنگانہ آر ٹی سی کو کرائے پر دیکر خواتین مستقل آمدنی حاصل کرسکے گی۔2