چیف منسٹر ریونت ریڈی کا 2 فروری کو دورۂ اندرویلی منڈل

   

ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی نے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا
عادل آباد۔ 28؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ریاست تلنگانہ چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی 2 فروری کو ضلع عادل آباد کے اندرویلی منڈل کا دورہ کریں گے اور 20 اپریل 1981ء میں پولیس اور قبائیلیوں کے درمیان جو سانحہ پیش آیا تھا، اس میں شہید ہونے والے قبائیلیوں کے افراد خاندان سے ملاقات کرنے کے علاوہ قبائیلی شہداء کی یاد میں تعمیر کردہ مینار کو ترقی دلانے کی خاطر ایک ایکڑ اراضی پر میموریل کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے جب کہ حکومت کی جانب سے میموریل تعمیر کے لئے ایک ایکر اراضی فراہم کی گئی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ 20 اپریل 1981ء کو پولیس اجازت کے بغیر مقابلوں کی جانب سے اپنے حقوق کے حصول کی خاطر جل، جنگل اور زمین کے عنوان پر ایک عظیم جلسہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس کو منتشر کرنے کی غرض سے پولیس نے اپنی طاقت کا استعمال کیا جس کی بناء پر پولیس رپورٹ کے مطابق 13 قبائیلی ہلاک ہوگئے جب کہ قبائیلیوں کی اطلاع کے مطابق تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والے قبائیلیوں کو شہداء کا درجہ دیتے ہوئے قبائیلیوں نے ان کی یاد میں 80 فٹ بلند سرخ مینار تعمیر کیا اور ہر سال اس مینار کے پاس قبائیلی مرد و خواتین ایک اجتماع منعقد کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس بلند مینار کو بھی نامعلوم افراد کی جانب سے بارود کا دھماکہ دیتے ہوئے 1986ء میں منہدم کیا گیا تھا۔ بعد ازاں قبائیلیوں کے احتجاج کو محسوس کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے 1987ء میں دوسری مرتبہ مینار تعمیر کیا گیا۔ مسٹر ریونت ریڈی اپنی پدیاترا کے دوران 9 اگست 2021ء کو ضلع عادل آباد کے اندرویلی منڈل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے قبائیلیوں کے یادگار شہداء کو ترقی دلانے کا تیقن دیا تھا جس پر عمل آوری کی خاطر مسٹر ریونت ریڈی 2 فروری کو ضلع عادل آباد کے اندرویلی کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دورہ کو اور جلسہ عام کو پارلیمانی انتخابی جلسہ بھی تصور کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ چیف منسٹر کے دورہ کے پیش نظر ضلع کلکٹر مسٹر راہول راج، ضلع ایس پی مسٹر غوث عالم، آئی ٹی ڈی اے پی اور شریمتی خوشبو گپتا نے اندرویلی کا دورہ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر اُتارنے کا مقام، جلسہ گاہ و دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔