چیف منسٹر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف

   

خشک سالی اور غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصان ، کے ٹی آر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈینٹ کے ٹی آر نے ریاست میں تیز ہوائیں اور ژالہ باری سے فصلوں کو ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے پر جتنی دلچسپی ہے ، اتنی دلچسپی فصلوں کے نقصانات پر نہیں ہے ۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ تین چار دن سے غیر موسمی بارش سے فصلوں کو بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچا ہے ۔ پہلے خشک سالی سے کسان پریشان تھے ، مصیبت زدہ کسانوں کی مدد کرنے کے بجائے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی دہلی کے چکر کاٹتے ہوئے تلنگانہ کے کسانوں کو نظر انداز کر رہے ہیں ۔ ملک کی عوام کیلئے اناج پیدا کرنے والے کسانوں کو حقیر نظر سے دیکھا جارہا ہے ۔ پہلے فصلیں خشک سالی سے تباہ ہوئی ، اب غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ چیف منسٹر ساری توجہ انتخابات اور سیاسی فائدے پر دے رہے ہیں۔ ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ جن فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ، چیف منسٹر نے ان اضلاع کا ابھی تک کوئی دورہ نہیں کیا اور نہ ہی اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے جن فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ، انہیں معاوضہ ادا کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ کسانوں کے مسائل اور زرعی نقصانات پر بی آر ایس بڑے پیمانہ پر احتجاج شروع کرے گی ۔ 2