چیف منسٹر کے سی آر کا گاندھی ہاسپٹل کادورہ، مریضوں سے بات چیت

,

   

صحت کے بارے میںفکرمند نہ ہوں، حکومت آپ کے ساتھ، مریضوں کو چیف منسٹر کا بھروسہ، ڈاکٹرس اور نرسنگ اسٹاف کی ستائش، جونیئر ڈاکٹرس کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کے مریضوں کے لئے علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے آئی سی یو اور دیگر شعبہ جات میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان میں حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی ۔ چیف منسٹر نے مریضوں سے کہا کہ وہ ہرگز خوفزدہ نہ ہوں ، حکومت کی جانب سے علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کئی مریضوں کے قریب پہنچ کر ان سے صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے دواخانہ میں علاج اور ڈاکٹرس و پیرا میڈیکل اسٹاف کی نگہداشت کے بارے میں بھی مریضوں سے سوالات کئے ۔ بیشتر مریضوں نے علاج کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا جس پر چیف منسٹر نے ڈاکٹرس اور دیگر اسٹاف کی ستائش کی ۔ چیف منسٹر نے تقریباً ایک گھنٹہ تک گاندھی ہاسپٹل کے مختلف وارڈس کا دورہ کیا اور ڈاکٹرس سے علاج کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ کے سی آر نے ہاسپٹل میں آکسیجن کی سربراہی اور بیڈس کی موجودگی کے بارے میں بھی استفسار کیا ۔ چیف منسٹر نے آئی سی یو ، ایمرجنسی ، آؤٹ پیشنٹ وارڈ اور جنرل وارڈ کا دورہ کیا جہاں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔ چیف منسٹر نے مریضوں سے ان کی شخصی تفصیلات حاصل کیں اور بھروسہ دلایا کہ ہاسپٹل کی جانب سے نگہداشت میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی ۔ جنرل وارڈس میں چیف منسٹر نے صحت و صفائی کے انتظامات اور علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے جنرل وارڈس کے مریضوں سے بھی بات چیت کی ۔ مریضوں سے بات چیت کے دوران چیف منسٹر کا پہلا سوالا تھا کہ انہیں بہتر علاج مل رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے مریضوں سے غذا کے معیار کے بارے میں بھی سوالات کئے ۔ چیف منسٹر نے مریضوں کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل پر وہاں موجود عہدیداروں اور میڈیکل آفیسرس کو ہدایت جاری کیں۔ چیف منسٹر نے گاندھی ہاسپٹل میں آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کیلئے قائم کئے جانے والے آکسیجن پلانٹ کا معائنہ کیا ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر حال ہی میں یہ پلانٹ قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعہ فی منٹ 2000 لیٹر آکسیجن سربراہ کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجہ راؤ سے آکسیجن کے پلانٹ کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ دورہ کے موقع پر چیف منسٹر نے سینئر ڈاکٹرس ، کنٹراکٹ نرسیس اور جونیئر ڈاکٹرس سے بھی بات چیت کی اور کورونا مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں ان کی مساعی پر مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ڈاکٹرس ، جونیئر ڈاکٹرس اور طبی عملہ اپنی جان کو خطرہ میں ڈاکٹر کورونا مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے جونیئر ڈاکٹرس کو ان کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں جونیئر ڈاکٹرس کو پریشان مریضوں کے سا تھ کھڑا ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جونیئر ڈاکٹرس اور نرسیس کے زیر التواء مسائل کے حل کیلئے تجاویز روانہ کریں تاکہ فوری یکسوئی کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹرس سے کہا کہ وہ عوام کے لئے اپنی خدمات کو جاری رکھیں۔ اگر آپ کو کوئی مسئلہ یا دشواری پیش آئے تو مجھ سے راست طور پر ربط پیدا کریں۔ میں آپ کی ہر ممکن مدد کروں گا ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر فینانس ہریش راؤ ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، پرنسپل سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی ، چیف منسٹر کے سکریٹری اور اسپیشل آفیسر برائے کووڈ راج شیکھر ریڈی ، چیف منسٹر کے او ایس ڈی گنگا دھر ، سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر راجہ راؤ ، پولیس کمشنر انجنی کمار اور ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ کورونا کے ریاست میں آغاز کے بعد سے چیف منسٹر کے سی آر کا یہ پہلا دورہ گاندھی ہاسپٹل ہے۔