چیف منسٹر کے سی آر کے اعزاز میں کجریوال نے لنچ کا اہتمام کیا

   

قومی اور علاقائی صورتحال پر بات چیت، ریاستوں کے ساتھ مرکز کے ناانصافی کے رویہ پر اظہار افسوس

حیدرآباد۔/22 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج نئی دہلی میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی اور قومی سیاسی صورتحال کے علاوہ ملک کی معاشی صورتحال پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر دہلی نے اپنی قیامگاہ پر کے سی آر کے اعزاز میں لنچ کا اہتمام کیا تھا۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق قومی سیاسی صورتحال کے علاوہ ہندوستان میں وفاقی نظام کی برقراری، ملک کی ترقی میں ریاستوں کا رول، مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی، ارکان پارلیمنٹ جے سنتوش کمار، ناگیشورراؤ، رنجیت ریڈی، این وینکٹیش، رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم آنند اور دیگر قائدین کے سی آر کے وفد میں شامل تھے۔ ایک گھنٹہ طویل لنچ پر ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے ملک میں بہتر سیاسی متبادل کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ مرکز کا ریاستوں کے ساتھ سلوک اور ٹیکس کی حصہ داری میں ناانصافی جیسے امور زیر بحث رہے۔ کسانوں کے احتجاج کے دوران فوت ہونے والے کسانوں کے خاندانوں کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے فی کس 3 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اروند کجریوال نے کسانوں کے خاندانوں کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے امداد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے موقع پر دونوں چیف منسٹرس میں تحائف کا تبادلہ عمل میں آیا۔ چیف منسٹر نے دہلی میں عام آدمی حکومت کی جانب سے مثالی اسکولوں اور بہتر طبی سہولتوں کیلئے محلہ کلینکس کے قیام کی ستائش کی اور بتایا کہ محلہ کلینکس سے متاثر ہوکر حیدرآباد میں 300 سے زائد بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر دہلی سے اروند کجریوال کے ہمراہ چندی گڑھ کیلئے روانہ ہوئے۔ ر