چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، شہیدان تلنگانہ کو خراج اور کلچرل پروگرام کا فیصلہ
حیدرآباد۔20۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر 2 جون کو باغ عامہ میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ حکومت نے یوم تاسیس تقاریب کے باغ عامہ میں انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر گن پارک پر واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کریں گے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں یوم تاسیس تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ 27 مئی سے 2 جون تک تمام ضروری سیکوریٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنائیں۔ محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ بیریکیڈ ، سیکوریٹی لائیٹنگ اور شامیانے کا انتظام کریں۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو ایل ای ڈی اسکرین لگانے اور پبلک ایڈریس سسٹم کے انتظام کرنے کی ذمہ داری دی گئی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو صفائی اور مینٹننس کے علاوہ باغ عامہ اور اس کے اطراف و اکناف صحت و صفائی کی خصوصی مہم کی ہدایت دی گئی ہے۔ برقی اور پانی کی بلا وقفہ سربراہی کا انتظام کیا جائے گا اور تقریب کے شرکاء کو او آر ایس پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ شام میں رویندرا بھارتی میں کلچرل پروگرام اور مشاعرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ جائزہ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری توانائی سنیل شرما ، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرول واٹر سیوریج بورڈ دانا کشور ، ایڈیشنل سکریٹری پروٹوکول اروند سنگھ ، مینجنگ ڈائرکٹر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن جی رگھوما ریڈی ، ڈائرکٹر کلچر ہری کرشنا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ر