چینی مداخلت جاری، ہند ۔ چین تجارت کو فروغ!

,

   

باہمی تجارت 100 بلین ڈالر سے متجاوز، حیرانی ہیکہ ملٹری تعطل بھی جاری : راہول گاندھی

نئی دہلی : سابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج مرکزی حکومت پر طنز کیا کہ ایک طرف ہندوستان اور چین کی تجارت 100 بلین ڈالر کے نشانہ کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور دوسری طرف دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعطل برقرار ہے۔ یہ حیرت کا معاملہ ہیکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعات جاری ہیں اور اس کے نتیجہ میں چھوٹی بڑی فوجی جھڑپیں پیش آتی رہتی ہیں۔ اس صورتحال کے درمیان باہمی تجارت فروغ پذیر ہے۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ راہول نے کہا کہ تجارت اور سرحدی تنازعات دونوں معاملوں میں کچھ تو پردہ داری ہے اور دونوں حکومتیں اپنے سیاسی مفادات کے اعتبار سے وقفہ وقفہ سے سرحدی تنازعات کو فوجی تعطل میں تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ راہول نے ہندی میں ٹوئیٹ کیا : ’’جملوں کی سرکار ہے، جھوٹ، ڈھونگ، دکھاوا اپار ہے، دیش کو اب جھولا اٹھنے کا انتظار ہے‘‘۔ راہول چین کے ساتھ ہندوستان کی تجارت کے معاملہ پر تبصرہ کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چینی دراندازی جاری ہے، مرکزی حکومت نے کئی چینی ایپس پر امتناع عائد کر رکھا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہیکہ نومبر تک ہندوستان اور چین کے درمیان تجارتی حجم بڑھ کر 100 بلین ڈالر کی ریکارڈ اونچائی تک پہنچ گیا۔ ایسے حالات میں کوئی ہندوستانی یقین کرے تو کیسے کرے کہ مرکزی حکومت نے ’’میڈ ان چائنا‘‘ کا بائیکاٹ کررکھا ہے تاکہ ’’میک ان انڈیا‘‘ کو بڑھاوا دیا جاسکے۔ کانگریس لیڈر نے چائنیز جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمس کے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کا حوالہ دیا جو گلوبل ٹائمس میں شائع ہوئے ہیں۔ چینی سرکاری میڈیا نے نشاندہی کی کہ ہندوستان میں ایسے لوگ ہیں جو تجارتی خسارہ کے تعلق سے فکرمند ہیں اور وہ وکالت کررہے ہیں کہ چین کے ساتھ تجارت پر زیادہ انحصار نہ کیا جائے۔ ٹائمس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایسے لوگوں کے سیاسی تحفظات جو کچھ بھی ہوں لیکن ہندوستان کو چین کے ساتھ باہمی تجارت میں آگے بڑھتے رہنا چاہئے۔ ہندوستان طویل عرصہ سے خواہاں ہیکہ چین کے ساتھ اس کے تجارتی خسارہ کو گھٹایا جائے اور باہمی تجارت کو متوازن کیا جائے لیکن متواتر حکومتوں کو اس مقصد میں کچھ خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ موجودہ مرکزی حکومت میں بھی یہ معاملہ کچھ مختلف نہیں۔

راہول گاندھی پنجاب میں کانگریس کی مہم کا آغاز
موگا ریلی سے کریں گے
چنڈی گڑھ: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق صدر راہول گاندھی 3 جنوری کو پنجاب کے موگا میں ایک ریلی کے ذریعے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کی مہم کا آغاز کریں گے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر گاندھی کا پروگرام اس دن کافی مصروف رہے گا اور پارٹی کے دو دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ وہ پارٹی کے سینئر لیڈروں سے بھی میٹنگ کریں گے اور اسمبلی انتخابات کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔