چین سے بات چیت ہوسکتی تو پاکستان سے کیوں نہیں ؟ فاروق عبداللہ کی تقریر

,

   

نئی دہلی : صدر نیشنل کانفرنس اور ایم پی فاروق عبداللہ نے گھر پر نظر بندی سے اپنی رہائی کے بعد پہلی مرتبہ پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے ہفتہ کو پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت میں کہا کہ اگر ہندوستان اپنے سرحدی تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے چین کے ساتھ بات چیت کرسکتا ہے تو وہ جموں کشمیر کی سرحدوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے دیگر پڑوسی سے بھی بات ضرور کرسکتا ہے ۔ فاروق عبداللہ نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران سرکاری بنچوں سے احتجاج کے درمیان کہا کہ سرحد پر جھڑپیں بڑھتی جارہی ہیں اور لوگ مر رہے ہیں ۔ اس سے نمٹنے کا کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کرنا ہوگا ۔ بات چیت کے علاوہ جیسا کہ آپ ( حکومت ) چین سے کررہے ہیں تاکہ وہ لداخ سرحد سے پیچھے ہٹ جائے ، اسی طرح ہمیں ہمارے دیگر پڑوسیوں کے ساتھ بھی بات چیت کے ذریعے کشیدہ صورتحال کو ختم کرنا چاہئے ۔ سری نگر کے نمائندہ ایم پی نے شوپیان میں چند ماہ قبل پیش آئے انکاونٹر کی آرمی انکوائری کی رپورٹ پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔ اس انکاونٹر میں تین عام شہری ہلاک ہوئے تھے جس کے لیے آرمی نے خود اپنے دستوں کو خاطی پایا کہ انہوں نے خصوصی اختیارات کا بیجا استعمال کیا ہے ۔۔