نیویارک۔ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کے عوام کو یہ پیغام گیا ہے کہ امریکی عوام اور حکومت مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار وائس آف امریکہ کی اقوام متحدہ میں نامہ نگار مارگریٹ بشیر کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو امریکہ سمیت دیگر ممالک سے تعلقات میں’ری سیٹ‘ یعنی دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے جہاں تعلقات کی بنیاد باہمی احترام اورہم آہنگی پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر چیلنجز کے لیے تمام دنیا کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی اور پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اہم مسائل پر کام کرنے کو تیار ہے۔