بیجنگ : چین نے غیر ملکیوں کیلئے قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چین نے بیرون ملک سے آنے والے افراد کیلئے قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔بیجنگ سے چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے افراد کیلئے قرنطینہ کرنے کی پابندی 8 جنوری سے ختم ہو جائے گی۔چین کی جانب سے اپنی سرحدیں کھولنے کی جانب یہ ایک بڑا قدم ہے ، جو 2020کے اوائل سے بڑے پیمانے پر بند ہیں، ہیلتھ اتھارٹی نے پیر کو بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا ہے کیوں کہ کرونا وائرس کی شدت اب بہت کم رہ گئی ہے اور یہ سانس کے ایک عام انفیکشن میں بدل رہا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 4 روز سے کوویڈ کے باعث چین میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، تاہم بیجنگ اور شنگھائی میں کیسز کی تعداد میں اضافے کے باعث اسپتال بھر گئے ہیں۔برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چین میں کورونا کیسزکی تعداد 25 کروڑ تک جا پہنچی ہے ۔واضح رہے کہ سرحدیں بند کرنے سے لے کر بار بار لاک ڈاؤن تک تین سال کے سخت ترین اقدامات نے چین کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے ، اور پچھلے ماہ پابندیوں سے مایوس ہو کر عوام نے مظاہرے شروع کئے ۔چین نے بین الاقوامی مسافروں کی آمد کے لئے 8 جنوری سے نیوکلک ایسڈ ٹسٹ منسوخ کر دیا ہے ۔ یہ اطلاع چین کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں دی گئی ہے ۔ بیان کے مطابق چین کو آنے والے مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل پی سی آر ٹسٹ کرانے کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ۔