چین نے چینگڈو میں امریکی قونصل خانے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا

   

بیجنگ: چین نے پیر کو چینگدو شہر میں امریکی قونصل خانے کو اپنے “کنٹرول” میں لے لیا۔ اس بات کا اعلان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا۔اس سے قبل چینی حکومت نے جمعے کے روز اس قونصل خانے کو بند کر دینے کے احکامات جاری کیے تھے۔ یہ اقدام امریکہ کی جانب سے ہیوسٹن شہر میں چینی قونصل خانے کی بندش کے جواب میں کیا گیا۔اتوار کے روز چین کے جنوب مغرب میں واقع شہر چینگدو میں متعدد شہریوں نے امریکی قونصل خانے کا رخ کیا۔ انہوں نے وہاں تصاویر بنائیں اور اس کے نزدیک چینی پرچم لہرائے۔ اس موقع پر سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد قونصل خانے کے اطراف موجود تھی۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ہیوسٹن شہر میں چینی قونصل خانے کو جاسوسی کا مرکز شمار کرتے ہوئے اس کی بندش کے لیے 72 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔ اس کے نتیجے میں چین اور امریکہ کے تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ اس کے جواب میں چین نے جمعے کے روز 1.65 کروڑ آبادی والے شہر چینگدو میں امریکی قونصل خانے کے حوالے سے مماثل اقدام کیا۔