چین کا یوکرین سے شہریوں کے انخلا کا عمل شروع

   

بیجنگ : چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجنگ حکومت نے یوکرین سے اپنے شہریوں کے انخلاء کا عمل شروع کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق چینی باشندوں کو روسی جارحیت کے ساتھ ساتھ یوکرینی باشندوں کی مخاصمت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔چینی روزنامے کے مطابق پیر کے روز کیف اور ساحلی شہر اوڈیسا سے تقریبا 600 چینی طالبعلموں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔کیف میں موجود چینی سفارتخانے کے مطابق مقامی پولیس اور سفارتخانے کی حفاظت میں طلباء کو بسوں میں پڑوسی ملک مالڈووا میں منتقل کر دیا گیا۔ چینی حکام کے مطابق طلباء کا 6 گھنٹے کا سفر بحفاظت مکمل ہو گیا تھا۔اس کے علاوہ منگل کے روز مزید 1000 چینی باشندوں کو پولینڈ اور سلوواکیا منتقل کر دیا جائے گا۔یوکرین میں چین کے تقریبا 6000 باشندے تعلیم اور ملازمتوں کے سلسلے میں موجود ہیں۔چینی سفارتخانے کے مطابق بقایا چینی شہریوں کو ہنگری اور رومانیا کے تعاون سے یوکرین سے بحفاظت نکال لیا جائے گا۔