چین :کورونا وائرس سے ایک دن میں 86 اموات ‘ جملہ تعداد 723 ہوگئی

,

   

ایک امریکی خاتون اور ایک جاپانی مرد بھی مہلوکین میں شامل ۔ تین ہزار سے زیادہ نئے مریض ۔ سینکڑوں کی حالت تشویشناک
بیجنگ 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک امریکی خاتون اور ایک جاپانی مرد وہ پہلے بیرونی شہری ہیں جو چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں اور چین میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 723 تک جا پہونچی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جملہ 34,598 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ امریکی سفارتخانہ بیجنگ نے کہا کہ امریکی شہری کی ہفتے ووہان میں موت ہوئی ہے ۔ یہ اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والے اولین بیرونی شہری ہیں۔ امریکی سفارتخانہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم یہ توثیق کرسکتے ہیں کہ ایک 60 سالہ امریکی شہری کورونا وائرس سے متاثر ہوا اور ووہان کے جنین تنگ ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ہے ۔ سفارتخانہ ترجمان کا ہانگ کانگ سے شائع ہونے والے ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے کہا کہ ہم اس جانی نقصان کیلئے غمزدہ افراد خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے اطلاع دی ہے کہ یہ امریکی شہری ایک خاتون تھی اور وہ اس کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھی ۔ چین کی وزارت خارجہ نے پہلے کہا تھا کہ جملہ 19 بیرونی شہری ایسے ہیں جو چین میںاس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور مختلف دواخانوںمیں ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دو افراد کو صحتیابی کے بعد ڈسچارچ کردیا گیا ہے ۔ وزارت نے تفصیلات بتائے بغیر یہ اطلاع دی ۔ سابقہ اطلاعات میں کہا گیا کہ چار پاکستانی اور دو آسٹریلیائی باشندوں کو یہ وائرس لاحق ہوا ہے ۔ حالانکہ امریکی خاتون کے تعلق سے سرکاری طور پر کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والی پہلی بیرونی شہری ہے تاہم ایک جاپانی شہری کو بھی اس وائرس کی وجہ سے ووہان کے ایک دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا اور وہ بھی فوت ہوچکا ہے ۔ ٹوکیو میں جاپانی وزارت خارجہ اس موت کی توثیق کردی ہے ۔ وزات نے چینی میڈیکل حکام کے حوالہ سے کہا کہ یہ جاپانی شہری 60 سال سے زیادہ عمر کا تھا اور یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ اسے کورونا وائرس لاحق ہوگیا تھا کیونکہ اس کی موت کی وجہ کو نمونیا بتایا جا رہا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ اس شہری کی موت کی وجہ نمونیا کا بخار تھا اور یہ پہلا جاپانی شہری ہے جو اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چین میں صرف ایک دن میں کل سب سے زیادہ 86 اموات ہوئی ہیں اور جملہ 3,399 لوگ اس سے مزید متاثر ہوئے ہیں۔ اس تعداد کے بعد اب تک اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد 723 تک جا پہونچی ہے اور اس کے متاثرین کی تعداد بھی 34,598 ہوگئی ہے ۔ مہلوکین میں 81 افراد ہوبئی صوبہ میں فوت ہوئے ہیں اور بیشتر کی تعداد صوبائی دارالحکومت ووہان سے تعلق رکھتی ہے ۔ ووہان وہ شہر ہے جو اس وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہے ۔ علاوہ ازیں دوسرے ممالک میں بھی اس وائرس نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے ۔ جمعہ کو ہانگ کانگ میں 26 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع تھی اور ایک فرد اس کی وجہ سے فوت ہوا تھا جبکہ مکاو میں 10 افراد اس کا شکار ہوئے ہیں اور تائیوان میں 16 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جملہ 4,214 نئے مریض اس وائرس کا شکار ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 1,280 مریض بہت زیادہ متاثر بتائے گئے ہیں۔ چین کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ جملہ 6,101 افراد دواخانوں میں تشویشناک حالت میںزیر علاج ہیں اور 27,657 افراد کے تعلق سے اندیشے ہیں کہ وہ بھی اس کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ دواخانہ کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اب تک جملہ 2,050 افراد کو علاج کے بعد صحتیاب ہونے پر دواخانوں سے ڈسچارچ کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں حکومتی نمائندے ایک ڈاکٹر کی موت کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں جس نے سب سے پہلے ووہان میں کورونا وائرس کی اطلاع دی تھی ۔