چین کی دراندازی کے مسئلہ پر کانگریس کا لوک سبھا سے واک آؤٹ

   

نئی دہلی ۔ 16 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن پارٹی کانگریس نے چین کی طرف سے ہندستانی علاقہ میں دراندازی کے معاملہ میں منگل کو لوک سبھا میں اٹھانے کی کوشش کی ،لیکن اسپیکر نے بولنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد اس نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔دوپہر 12بجے ضروری دستاویز ات ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے یہ معاملہ اٹھانا چاہا ۔ اسپیکر نے انھیں اسکی اجازت نہیں دی ۔انھوں نے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت سے متعلق مطالبات زر پر پیر کے روز ہوئی بحث کا جواب دینے کیلئے محکمہ کے وزیر نتن گڈکری کانام پکارا ۔ چودھری نے اسپیکر سے انھیں اپنی بات رکھنے کی اجازت دینے کی دوبارہ دورخواست کی ۔کانگریس کے دیگر ارکان نے بھی کھڑے ہوکر چودھری کو بولنے دینے کی درخواست کی ۔پارلیمانی امور کے وزیرمملکت ارجن رام میگھوال نے کہاکہ کانگریس لیڈر جومعاملہ اٹھانا چاہتے ہیں وہ اہم ہے ، لیکن اسے بعد میں اٹھایاجاسکتاہے ۔انھوں نے کہاکہ ابھی گڈکری اہم معاملات پر جواب دے رہے ہیں ۔اپنی بات کہنے کی اجازت نہیں ملنے پر کانگریس ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ایوان سے باہر نکلنے کے بعد ایوان کے گلیارے میں کانگریس رکن ششی تھرورنے یواین آئی کو بتایاکہ انکی پارٹی ہندستانی سرحد میں چینی دراندازی کا معاملہ اٹھانا چاہ رہی تھی ۔